لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منصورہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی،نذیر احمد جنجوعہ،سید عبد الوحید شاہ، سید لطیف الرحمن شاہ،مولانا نعیم بادشاہ ،فرحان شوکت ہنجرا شریک ہوئے جبکہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری ،حافظ عبد الغفار روپڑی،سید اسد عباس نقوی سید اسامہ شاہ بخاری اور مولانا عبد الوحید روپڑی نے زوم پر شرکت کی ۔ لیاقت بلوچ نے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا جارحانہ بدمعاشی والا رول پہلے امت مسلمہ کے لیے تھا، اب دیگر آزاد ممالک بھی زد میں آ گئے ہیں۔ ٹرمپ کی غنڈہ گردی سے کوئی ملک بھی محفوظ نہیں رہ سکے گا، امریکہ آزاد خودمختار ممالک کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا ایران میں رجیم چینج امریکی اسرائیلی ہدف ہے، فلسطین کی صورتحال خراب سے خراب تر ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا ملی یکجہتی کونسل کا آئندہ اجلاس 14 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگا ۔ ملی یکجہتی کونسل اتحاد امت کے لیے اپنا رول ادا کرے گی، اس کونسل کے قیام کا مقصد آپس میں اتحاد اخوت بھائی چارے کا فروغ ہے۔