کراچی (نیوز ڈیسک) تازہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی عوام کی اکثریت ٹرمپ کے گرین لینڈ منصوبے کی مخالف ہے۔ ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز دونوں کی واضح اکثریت اس مقصد کیلئے فوجی طاقت کے استعمال کیخلاف ہے۔ بڑی تعداد کو خدشہ ہے گرین لینڈ پر ٹرمپ کی دھمکیاں ڈنمارک سے تعلقات خراب اورنیٹو اتحاد کمزور کرسکتی ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے تازہ سروے کے مطابق صرف 17 فیصد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ حاصل کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جبکہ ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز کی واضح اکثریت اس مقصد کے لیے فوجی طاقت کے استعمال کی مخالف ہے۔ سروے میں یہ بھی سامنے آیا کہ بڑی تعداد کو خدشہ ہے کہ گرین لینڈ کے معاملے پر ٹرمپ کی دھمکیاں نیٹو کے اتحادی ڈنمارک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور اتحاد کمزور ہو سکتا ہے۔ اگرچہ ٹرمپ گرین لینڈ کو روس اور چین کے ممکنہ اثر و رسوخ کے تناظر میں امریکی سلامتی کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں، مگر 71 فیصد امریکیوں نے فوجی اقدام کو ’’برا خیال‘‘ کہا، جبکہ صرف 4 فیصد نے اسے درست سمجھا۔ مجموعی طور پر رائے عامہ بیرونِ ملک فوجی مداخلت اور امریکی حدود میں توسیع کے خلاف دکھائی دیتی ہے، جو ٹرمپ کی پالیسی کے لیے اندرونِ ملک بڑی رکاوٹ سمجھی جا رہی ہے۔