کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن و ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے پشتونخوامیپ کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بحرانی حالات اور سیاسی جمود میں اپوزیشن لیڈر کا کردار کوئی آسان نہیں مگر محمود خان اچکزئی جیسے سینئر اور کہنہ مشق سیاست دان اپنے مدبرانہ صلاحیتوں اور مستقل مزاجی سے غیر جمہوری قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جمہوریت یرغمال ، فارم 47 کے ذریعے جعلی اسمبلی تشکیل ، آئین کو معطل اور میڈیا کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ حقیقی سیاسی رہنماؤں کو جیل میں رکھا گیا ہے اور ملک میں ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں کو طاقت کے ذریعے روکا گیا ہے ۔ ایسی صورتحال میں محمود خان اچکزئی جیسے لیڈر سے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں اور بی این پی ان کے ہر عوام دوست اقدام میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ان کی حمایت جاری رکھے گی ۔