وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر اور سینئر سیاستدان شیخ روحیل اصغر کی پوتی شانزے شیخ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
شادی کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات میں ڈیزائنر ملبوسات سے لے کر میک اپ اور قیمتی زیورات تک وزیر اعلیٰ پنجاب کی تیاری دیدنی رہی۔
بیٹے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے ہی نہیں بلکہ سیاست سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات بھی ان کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں۔
صدر مملکت اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری اور رہنما پی پی پی شرمیلا فاروقی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ان کی خوب تعریف کی۔
بختاور بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ سے اتفاق کیا جس میں لکھا تھا کہ ہر ایک ماں کو یہ حق ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی شادی پر اتنی خوبصورت دکھائی دے جبکہ شرمیلا فاروقی بھی بختاور بھٹو زرداری سے متفق دکھائی دیں۔
شرمیلا فاروقی نے بختاور بھٹو زرداری کی پوسٹ کو ری شیئر کیا اور لکھا کہ میں بھی اپنے بیٹے کی شادی پر اتنی ہی خوبصورت نظر آنا چاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کے ولیمے کی تقریب گزشتہ روز جاتی امرا میں ہوئی جبکہ ان کی مہندی کی تقریب بھی جاتی امرا میں ہی ہوئی تھی۔