• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وادی تیراہ: ریسکیو آپریشن مکمل، نقل مکانی کا سلسلہ 4 روز بعد بحال

--جنگ فوٹوز
--جنگ فوٹوز

وادیٔ تیراہ میں ریسکیو آپریشن مکمل جبکہ متاثرین کی رجسٹریشن اور نقل مکانی کا سلسلہ 4 روز بعد بحال کردیا گیا ہے۔

ریسکیو آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کی 480 گاڑیوں سمیت 2400 متاثرین کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ برف میں پھنسے 200 سے زائد زخمی متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، وادی تیراہ میں متاثرین کے ریلیف کے لیے پائندی چینہ، مہربان کلی او دوہ توئی کے مقام پر ریسکیو کے 3 بیس کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

ضلع خیبر کے ریسکیو 1122 کے ترجمان مقصود عالم نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ 10 جنوری سے وادیٔ تیراہ میں مقامی شہریوں کی نقل مکانی شروع ہو گئی تھی تاہم 22 جنوری کی برفباری کے باعث نقل مکانی کرنے والے سیکڑوں متاثرہ خاندان راستے میں پھنس گئے تھے اور بچوں اور خواتین سمیت سیکڑوں متاثرین ٹرکوں میں محصور ہو کر رہ گئے تھے۔ 

22 جنوری کو حکام بالا کے احکامات پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں ضلع خیبر کے علاوہ پشاور مردان، صوابی اور نوشہرہ کی ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ مین روڈ سے برف ہٹانے سمیت متاثرین کو ریسکیو کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ 4 روزہ ریسکیو آپریشن کے بعد آج باڑہ سے تیراہ جانے والی مین روڈ کو مکمل طور پر آمدورفت کے بحال کر دیا گیا ہے۔

ترجمان مقصود احمد کے مطابق ریسکیو آپریشن کے لیے 170 اہلکار، 27 وہیکلز، 21 ایمبولینسز، 4 ایکسکیویٹرز 6 ٹریکٹرز سمیت دیگر مشینریز تعینات کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ محکمۂ سی اینڈ ڈبلیو ہائی ویز کا عملہ اور مشینریز تعینات ہے۔

ریسکیو آپریشن کے مکمل ہوتے ہی آج سے وادیٔ تیراہ میدان کے متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے لیے چاروں سینٹرز بحال ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ریکارڈ کے مطابق علاقہ میدان سے 4 روز قبل تک نقل مکانی کرنے والے تقریبا 10 ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی تھی جس میں بیشتر نقل مکانی بھی کر چکے ہیں۔ 

علاقہ میدان کی مجموعی آبادی 1 لاکھ 30 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔

قومی خبریں سے مزید