• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

12 برس کی عمر میں شادی ہوئی، شوہر 23 برس بڑے تھے: نوشابہ بی بی کا انکشاف

سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی— اسکرین گریب
سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی— اسکرین گریب

پاکسان شوبز سے وابستہ ماضی کی معروف سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی صرف 12 برس کی عمر میں ہوئی، اس کے بعد کیریئر کا آغاز کیا جبکہ شوہر ان سے 23 برس بڑے تھے۔

ماضی کے ڈراموں میں پشتون کرداروں کی مؤثر عکاسی کے باعث خاص پہچان رکھنے والی سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے اپنی کم عمری میں ہونے والی شادی پر کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ مجھے اداکاری کے علاوہ نوکری یا کیریئر کے لیے وقت ہی نہیں ملا، کیونکہ میری شادی 12 سال کی عمر میں ہو گئی تھی اور اسی عمر میں میں نے ٹیلی وژن پر کام بھی شروع کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں گڑیوں سے کھیل رہی تھی جب میری شادی کر دی گئی، ایک دن مجھے بتایا گیا کہ گھر میں شادی ہے، مجھے بس ایک لپ اسٹک دی گئی اور اس کے بعد میں سب کچھ بھول گئی، کیونکہ لپ اسٹک میری کمزوری تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں خوشی خوشی سہیلیوں کے درمیان بیٹھ گئی اور میری شادی ہو گئی، اُس وقت بچوں کو یہ تک معلوم نہیں ہوتا تھا کہ شادی کیا ہوتی ہے، جب تمام مہمان چلے گئے تو میں نے اپنی نند سے کہا کہ سب چلے گئے ہیں، مجھے بھی واپس گھر بھیج دیں۔

اپنی اور شوہر کی عمر کے فرق پر بات کرتے ہوئے 58 سالہ نوشابہ بی بی نے بتایا کہ میرے اور شوہر کے درمیان 23 برس کا فرق تھا اور وہ میرے خالہ زاد تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ میری خالہ نے ہی اس شادی کا بندوبست کیا تھا، میں 14 سال کی عمر میں ماں بنی، میرے 3 بیٹے اور 1 بیٹی ہے، میرے والدین کافی سخت تھے، لیکن میرے شوہر اور ساس نے میرے اداکاری کے کیریئر میں ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ 1979ء میں کیریئر کا آغاز کرنے والی پی ٹی وی کی مقبول سینئر اداکارہ جہان سلطانہ، جو نوشابہ بی بی کے نام سے مشہور ہیں انہوں نے ماضی کے ڈراموں میں پشتون کرداروں کی مؤثر عکاسی کے باعث شہرت حاصل کی، انہوں نے پشتو ریڈیو میں بھی طویل عرصے تک خدمات انجام دیں۔

سوات سے تعلق رکھنے والی نوشابہ بی بی کی پشتو ریڈیو اور پی ٹی وی سے وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے، مداح ان کی شائستگی، باوقار انداز اور شائستہ گفتگو کے معترف ہیں، جبکہ خیبر پختون خوا میں ان کی بڑی فین فالوئنگ موجود ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید