معروف بھارتی گلوکار اور دو مرتبہ کے نیشنل ایوارڈ یافتہ اریجیت سنگھ کے پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے مداحوں کو حیران کردیا۔ تاہم گلوکار کے قریبی حلقوں اور سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ پوسٹس کے مطابق یہ فیصلہ اچانک نہیں بلکہ طویل غور و فکر کے بعد کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اریجیت سنگھ گزشتہ کچھ عرصے سے تخلیقی بوریت محسوس کر رہے تھے۔ فلمی موسیقی میں موجود تجارتی دباؤ، کہانی اور ہدایت کار کی پابندیوں نے انہیں اپنی مرضی کے مطابق کام کرنے سے روک رکھا تھا، جس کے باعث وہ تخلیقی آزادی کے خواہاں تھے۔
رپورٹ ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ 15 برسوں میں 800 سے زائد گانے، مسلسل ریکارڈنگز اور لائیو شوز کے باعث گلوکار کو ذہنی اور جسمانی تھکن کا سامنا بھی رہا۔
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے موسیقی ترک نہیں کی بلکہ صرف فلمی پلے بیک سنگنگ سے کنارہ کشی اختیار کی ہے تاکہ وہ آزاد اور ذاتی نوعیت کی موسیقی تخلیق کر سکیں۔
مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ اختتام نہیں بلکہ اریجیت سنگھ کے تخلیقی سفر کا ایک نیا آغاز ہے۔