• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18 کروڑ نوجواں کو جدید تعلیم کے ذریعے تیار کرنا ہے: ڈاکٹر خالد مقبول

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ور تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہ ہے کہ جمہوریت کے اثرات کراچی تک پہنچے ہیں، اگر چہ کراچی اسلام آباد سے دور ہے مگر کراچی اسلام آباد اور پاکستان کو چلاتا ہے۔

وہ جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی میں طلبہ کو لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکمراں ایک طبقے کا نام ہے لیکن میں اس طبقے سے تعلق نہیں رکھتا، وزیرِ اعظم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم شروع کی، پاکستان میں نوجوانوں کی آبادی 18 کروڑ سے زائد ہے، اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ یہ آبادی بوجھ ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ان 18 کروڑ نوجواں کو جدید تعلیم کے ذریعے تیار کرنا ہے، دنیا نے اب ڈگری کی شرط ختم کر دی ہے، ہمیں لیپ ٹاپ میں مہارت حاصل کرنی ہو گی۔

سندھ میں لیپ ٹاپ اسکیم کے ڈائریکٹر فہد رفیق نے کہا کہ سندھ کی 33 جامعات کے لیے 58 ہزار لیپ ٹاپ ہیں، وزیرِ اعظم آئندہ ماہ کراچی کا دورہ کریں گے اور مزارِ قائد پر لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔

اس موقع پر سینیٹر نہال ہاشمی، سینیٹر عامر چشتی، سابق رکنِ اسمبلی حیدر عباس رضوی، رکنِ سندھ اسمبلی عادل عسکری، جاوید حنیف ریجنل ڈائریکٹر ایچ ای سی سلمان احمد بھی موجود تھے۔

جامعہ این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ ایک ضرورت بن گئی ہے، وزیرِ اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ٹیلنٹ کے حامل طلبہ کو لیپ ٹاپ مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز جامعہ این ای ڈی سے کیا گیا جو خوش آئند امر ہے۔

سینٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا منصوبہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اس وقت کا تھا جس وقت وہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ تھے، این ای ڈی کے بچے کمال کے ہیں جو دنیا بھر میں پورے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید