بالی ووڈ کے فلم پروڈیوسر شیلندر سنگھ نے سپر اسٹار سلمان خان اور اداکار ویویک اوبرائے کے درمیان تلخ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2003 میں جب ویویک نے سلمان کے خلاف پریس کانفرنس کی تو اس کے بعد سلمان خان شدید غصے میں تھے اور انھوں نے یہ یقینی بنایا کہ ویویک کو بالی ووڈ میں کام نہ ملے۔
2003 میں ویویک اوبرائے نے ایشوریہ رائے کے معاملے پر سلمان خان پر دھمکیاں دینے کا الزام لگایا تھا۔ ویویک اوبرائے کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے ایشوریا رائے کے ساتھ میرے ریلشن شپ کی وجہ سے مجھے دھمکیاں دیں۔ انکا کہنا تھا کہ ایشوریا کا اس سے قبل سلمان سے تلخی کے بعد بریک اپ ہو چکا تھا۔
حال ہی میں سدھارتھ کنن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شیلندر سنگھ نے بتایا کہ پریس کانفرنس کے دوران وہ سلمان خان کے ساتھ ان کے اپارٹمنٹ میں موجود تھے جہاں وہ کافی غصے میں تھے اور کہا یہ سب کیا ہو رہا ہے۔
ویویک کی پریس کانفرنس پر میں نے سلمان سے کہا کہ زندگی میں ہمیں ردعمل دینے کے بجائے عمل کرنا چاہیے۔ جو کچھ کرنا ہے، وہ بعد میں بھی ہو سکتا ہے۔ فی الحال کچھ کھاتے پیتے ہیں، اس کے بعد جو کرنا ہے کریں گے۔
میں نے سلمان سے کہا جلد بازی میں کوئی قدم نہ اٹھانا، خاموشی سے انتظار کرو اور پھر خاموشی سے لڑنا۔ میرا خیال ہے کہ سلمان نے ایسا ہی کیا اور انھوں نے یہ یقینی بنایا کہ آئندہ ویویک کو بالی ووڈ میں کام نہ ملے۔
شیلندر سنگھ نے کہا میں یقین سے تو نہیں کہتا لیکن حالات کچھ ایسے ہی دکھائی دیے کیونکہ اس کے بعد ویویک کو کام ملنا بند ہوتا گیا۔
اس واقعے کے 20 برس بعد ویویک نے بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو میں اس پر اپنی مایوسی کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا شوٹ آؤٹ لوکھنڈ والا جیسی کامیاب فلم کے بعد وہ 14 برس گھر بیٹھے رہے کیونکہ کوئی کام نہیں ملا۔ بعدازاں میں نے کچھ اور کرنے کا سوچا اور شروع کیا۔