کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو کسی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، شفافیت پر مبنی پاکستان کمیشن آف انکوائریز ایکٹ کے تحت تحقیقاتی کمیشن کے قیام اور کامل انصاف کی فراہمی تک ایم کیو ایم خاموش نہیں بیٹھے گی، وفاقی کمیشن کا مطالبہ محض ایک سیاسی موقف نہیں! بلکہ عوامی امنگوں اور متاثرین کے درد کا حقیقی ترجمان ہے، جس کے لئے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ وہ اتوار کو یہاں ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں مرکزی شعبہ جات کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سینئر مرکزی راہنماء سید امین الحق اور کیف الورٰی بھی شریک تھے۔ اجلاس میں سانحہ گل پلازہ، کراچی بچاؤ مہم اور رمضان المبارک کے دوران خدمتِ خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف)کے تحت امدادی سرگرمیوں سے متعلق امور اور آئندہ کی جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیئرمین متحدہ نے کراچی بچاؤ مہم کے حوالے سے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہم کسی سیاسی مفاد کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً عوامی اور فلاحی جدوجہد ہے۔