کراچی(سید محمد عسکری)تعلیم کے ذریعے امید کی شمع روشن رکھنے کے عزم کے تحت Learning Resource Network (ایل آر این) نے گُل پلازہ سانحہ میں جاں بحق اور متاثر ہونے والے خاندانوں کے بچوں کے لیے ایک اہم تعلیمی ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ایل آر این نے متاثرہ بچوں کے لیے بین الاقوامی جی سی ایس ای اور اے لیول پروگرامز کی فیس میں 25 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے بچوں کا تعلیمی سلسلہ منقطع نہ ہو۔یہ اعلان ایل آر این کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد طارق کی کامران ٹیسوری سے گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔ ملاقات میں کراچی میں حالیہ سانحات، بالخصوص گُل پلازہ حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو درپیش مشکلات اور تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ایل آر این کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ فیس میں رعایت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ حادثے کے باعث معاشی دباؤ کا شکار خاندانوں کے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو اور وہ بین الاقوامی معیار کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ذرائع کے مطابق اس تعلیمی رعایت کے اقدام کا باضابطہ اعلان گورنر ہاؤس کی جانب سے میڈیا کو بھی کیا گیا، جسے تعلیمی اور سماجی حلقوں میں خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر نجی تعلیمی اداروں کے سماجی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ راستہ ہے جو سانحات کے اندھیروں میں امید کی روشنی پیدا کرتا ہے۔ایل آر این کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ادارہ تعلیمی رسائی، مساوات اور سماجی ذمے داری کے اصولوں پر کاربند ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے جو معاشرے کے کمزور اور متاثرہ طبقات کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں۔