کراچی(سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ملک بھر کے تمام تسلیم شدہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کو ہدایت کی ہے کہ کونسل کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام نوٹیفکیشنز، فیصلے، سرکلرز اور ہدایات اداروں کے اندر نمایاں اور آسانی سے قابلِ رسائی مقامات پر آویزاں کی جائیں۔ کونسل کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام پرنسپلز اور ڈینز کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ پی ایم ڈی سی کی پالیسیوں، ضوابط اور احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ، میڈیکل و ڈینٹل پریکٹیشنرز، فیکلٹی اور انتظامی عملے کی آگاہی کے لیے اداروں میں سرکاری نوٹس بورڈز پر تمام متعلقہ معلومات واضح طور پر آویزاں ہونی چاہئیں۔ پی ایم ڈی سی نے ہدایت کی ہے کہ نوٹس بورڈز ایسی جگہوں پر نصب ہوں جو نمایاں ہوں اور جہاں طلبہ اور عملہ با آسانی رسائی حاصل کر سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اداروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ افراد کو پی ایم ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ باقاعدگی سے دیکھنے کی ترغیب دی جائے تاکہ تازہ ترین نوٹیفکیشنز اور اپ ڈیٹس سے باخبر رہا جا سکے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ آویزاں کی جانے والی معلومات نہ صرف واضح ہوں بلکہ انہیں باقاعدگی سے اپ ڈیٹ بھی کیا جائے اور ہر وقت قابلِ رسائی رکھا جائے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق ان ہدایات کا مقصد میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم و تربیت کے نظام میں شفافیت اور ضابطہ جاتی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر کے بیشتر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں کی جانب سے پی ایم ڈی سی کی مقرر کردہ فیس سے زائد فیس وصول کرنے کی شکایت عام ہے بھی میڈیکل کالجز ایم بی بی ایس سال اول میں داخلے کے لیے 18 لاکھ کے بجائے 22 سے 28 لاکھ تک فیس وصول کررہے ہیں۔