لاہور ( جنرل رپورٹر )قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ملک کے دیگر حصوں کی طرح پنجاب بھر میں بھی ہو رہا ہے جس کے دوران ایک کروڑ 78لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سےبچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ،قومی پولیو مہم میں صوبہ بھر میں 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں،لاہور میں 14 ہزار جبکہ راولپنڈی میں 8 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اس مہم کا حصہ ہوں گے یہ بات انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور نے کہا ہے کہ قومی پولیو مہم کل سے پورے پنجاب میں شروع ہو رہی ہے، جس کے دوران 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ سال 2026 کی پہلی قومی پولیو مہم ہے، جو پولیو وائرس کے خلاف دباؤ برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ وبائیاتی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیو وائرس میں واضح کمی آئی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلسل اور مربوط پولیو مہمات مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔ تاہم وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے رفتار، تسلسل اور دباؤ برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔عدیل تصور نے بتایا کہ مہم کے دوران ہائی رسک اضلاع کے ساتھ ساتھ نقل مکانی کرنے والی اور موبائل آبادی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔انسدادِ پولیو پروگرام کے سربراہ نے کہا کہ صوبائی قیادت پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔