لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور ہائیکورٹ کورٹس رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر دلی مبارکباد دی ہے،عظمٰی بخاری نے ایسوسی ایشن کے صدر محمد اشفاق، جنرل سیکرٹری محمد ہارون ، سینئر نائب صدر عمران احسان، نائب صدر زین العابدین اور دیگر تمام نومنتخب عہدیداروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ کورٹس رپورٹرز عدالتی کارروائی کو بروقت اور ذمہ داری کے ساتھ عوام تک پہنچانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کورٹس رپورٹرز سخت موسمی حالات، گرمی، سردی، دھوپ اور بارش کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیتے ہیں جو قابلِ تحسین ہے۔عظمٰی بخاری نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیدار صحافتی اقدار، دیانت داری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔