عظیم کشمیری رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وفات پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری گہرے رنج و غم میں مبتلا ہو گئے۔
جموں کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر آج کشمیریوں کے عالمی سفیر، قومی و بین الاقوامی کشمیری رہنما اور تحریکِ آزاد کشمیر کے عظیم ہیرو سے محروم ہو چکی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام دنیا کے جس بھی ملک میں موجود ہیں وہ اس وقت گہرے دکھ اور رنج و غم میں مبتلا ہو کر حالت سوگ میں ہیں۔
راجہ نجابت نے کہا کہ قائدِ کشمیر کی پوری زندگی تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے ہر سیاسی و سفارتی محاذ پر سرگرم عمل دکھائی دی اور انہوں نے ہمارے ساتھ مل کر پاکستان، ریاستِ جموں و کشمیر، یورپ، امریکا، برطانیہ و دیگر ممالک میں مسئلہ کشمیر کے لیے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سیاسی، سماجی، کاروباری اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے اوورسیز کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں انتہائی کلیدی کردار ادا کیا جو قابلِ ستائش اور قابلِ رشک ہے، گزشتہ 70 سالوں کو دیکھا جائے تو وہ کشمیریوں کی توانا اور انتہائی دبنگ آواز تھے۔
راجہ نجابت نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جس مدبرانہ اور جارحانہ انداز میں کشمیری قوم کا کیس دنیا کے ہر ایوان، ہر بااثر ملک اور ہر عالمی پلیٹ فارم پر پیش کیا اس کی مثال نہیں مل سکتی۔
اُنہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر ہو، پاکستان ہو یا دنیا کا کوئی بھی پلیٹ فارم ہو، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھارت مخالف مظاہرے کروانے میں اور کشمیریوں کی آواز ہر جگہ بلند کرنے میں انتہائی منفرد حیثیت اور اہمیت رکھتے تھے اور قائدانہ صلاحیتوں سے لیس عظیم مدبر سیاستدان تھے۔
راجہ نجابت نے کہا کہ ہمیں شدید افسوس ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال کے بعد ہم ان جیسی قابل، لائق فائق اور ذہین فطین قیادت مستقبل میں شاید کبھی نہ دیکھ سکیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم جہاں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم کو ان کی عظیم اور لازوال خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں وہیں اس عزم کا بھی اظہار کرتے ہیں کہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی، وہاں کے عوام کے حق خود ارادیت اور عالمی سطح پر اس مقصد کے حصول کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو تقویت دینے کے لیے ان کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔
راجہ نجابت نے یہ بھی کہا کہ جب تک ہماری زندگی ہے ہم اپنی جانب سے ہر ممکن کوششیں کرتے رہیں گے اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا پیغام کشمیر اور کشمیری نقطۂ نظر پوری کشمیری قوم تک پہنچانے کے لیے بھرپور عملی جدوجہد کریں گے اور ہماری جد و جہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق مل نہیں جاتا۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر دیگر کشمیری رہنماؤں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی بخشش، مغفرت و لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔