’کے پاپ ڈیمن ہنٹرز‘ نے جنوبی کوریا کے لیے پہلا گریمی ایوارڈز حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔
نیٹ فلکس سیریز ’کے پاپ ڈیمن ہنٹرز‘ کے گانے ’گولڈن‘ نے پہلا گریمی ایوارڈ اپنے نام کر کے کے پاپ کو عالمی سطح پر ایک نیا سنگِ میل دلوا دیا ہے۔
یہ گانا لاس اینجلس میں منعقدہ گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بہترین گانا برائے ویژول میڈیا کے زمرے میں کامیاب قرار پایا، اس کے ساتھ ہی گولڈن کو گریمی کے 4 بڑے اعزازات میں شامل سانگ آف دی ایئر کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔
کے پاپ ڈیمن ہنٹرز جون 2025ء میں ریلیز ہونے کے بعد نیٹ فلکس کی تاریخ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم بن گئی، جس نے 480 ملین سے زائد ویوز حاصل کیے۔
فلم کا توانائی سے بھرپور اور دلکش ساؤنڈ ٹریک بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور 2022ء میں ڈزنی کی اینکانٹو کے بعد پہلی مرتبہ کسی فلم کے میوزک اسکور نے بل بورڈ چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
فلم کی گریمی میں کامیابی عالمی سطح پر کوریئن پاپ میوزک کے بڑھتے ہوئے ثقافتی اور تجارتی اثر و رسوخ کی واضح عکاسی کرتی ہے۔
ادھر بلیک پنک کی رکن روزے بھی اپنے ہٹ گانے APT کے ساتھ اتوار کو ہونے والی گریمی ایوارڈز کی تقریب میں 2 کیٹیگریز میں نامزدگیوں کے ساتھ ایوارڈز کی دوڑ میں شامل رہیں، جن میں سانگ آف دی ایئر اور ریکارڈ آف دی ایئر شامل تھی۔
کے پاپ کے بڑھتے ہوئے اثر کو تسلیم کرتے ہوئے ریکارڈنگ اکیڈمی نے گزشتہ برس اگست میں اس صنف سے تعلق رکھنے والے کئی فنکاروں کو اپنی ووٹنگ باڈی میں شامل کیا تھا، جن میں سیونٹین کے ووزی، انہائپن کے جنگ وون اور لی سرافم کی ہو یون جن شامل ہیں۔
یہ اقدام میوزک انڈسٹری میں کے پاپ کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔