پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات ہانیہ عامر اور یاسر حسین کی قریبی اور بے تکلف گفتگو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
عمر عالم کی کراچی میں ہونے والی شاندار اور اسٹار اسٹڈڈ شادی کی تقریب سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنی رہی، اس تقریب میں شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی، جن میں ہانیہ عامر اور یاسر حسین بھی شامل تھے۔
ہانیہ عامر اور یاسر حسین پہلے ہی قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں، طویل عرصے بعد عمر عالم کی شادی میں ایک دوسرے سے ملے، دونوں فنکار ایک دوسرے کو دیکھ کر خاصے پُرجوش دکھائی دیے اور ان کی گرمجوش، دوستانہ ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہانیہ عامر اور یاسر حسین ایک دوسرے سے خوشگوار انداز میں گفتگو کرتے، ماضی کی یادیں تازہ کرتے اور بے حد پرجوش نظر آتے ہیں، ہانیہ عامر نے خوبصورت روایتی سرخ لباس زیب تن کیا ہوا تھا، جبکہ یاسر حسین شیروانی میں ملبوس دکھائی دیے۔
تاہم سوشل میڈیا پر اس ملاقات پر ملا جلا بلکہ زیادہ تر تنقیدی ردِعمل سامنے آیا، بعض صارفین نے ہانیہ عامر کے یاسر حسین سے اس قدر بے تکلف رویے کو ناپسند کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ لڑکیوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ شادی شدہ مردوں سے فاصلہ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
کئی افراد نے اقراء عزیز کی تقریب میں غیر موجودگی پر بھی سوالات اٹھائے، جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر ہر کسی کے ساتھ حد سے زیادہ گھل مل جاتی ہیں اور بے وجہ ہنستی رہتی ہیں۔
دوسری جانب کچھ مداحوں نے دونوں فنکاروں کا دفاع بھی کیا، ایک صارف نے لکھا کہ ممکن ہے وہ اس انداز میں بات کر رہے ہوں کیونکہ عاصم اظہر اور یاسر حسین قریبی دوست ہیں۔
ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ براہِ کرم ہمیں ایسی غیر اخلاقی ویڈیوز نہ دکھائیں، یہ خواتین ہر مہندی اور شادی میں ایسے ناچتی اور خوش ہوتی ہیں جیسے قریبی رشتے دار ہوں، یہ بلا وجہ حد سے زیادہ جوش دکھانا ہے، اس میں کوئی وقار نہیں۔
فی الحال ہانیہ عامر یا یاسر حسین کی جانب سے اس سوشل میڈیا بحث پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم ان کی یہ مختصر ملاقات سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث کا موضوع بن چکی ہے۔