صدر آزاد کشمیر اور قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم کی رسم قل برطانیہ کے شہر ہیلی فیکس کی مرکزی جامع مسجد مدنی میں منعقد ہوئی، جس میں برطانیہ بھر سے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور مرحوم کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جس مؤثر اور مدلل انداز میں اجاگر کیا، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔
چیئرمین پاک کشمیر سوسائٹی الحاج رب نواز اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں بلند کی اور کشمیر کاز کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قائدین صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
دیگر مقررین میں چوہدری اکرام ارشاد، حاجی محمد امین اور دیگر شامل تھے، جنہوں نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور قومی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
رسمِ قل میں برطانیہ بھر سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے عزیز و اقارب، دوست احباب اور چاہنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر علماء کرام نے صدرِ آزاد کشمیر مرحوم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، جبکہ کشمیر کی آزادی، فلسطین اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔