• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہا پسندوں کا احتجاج، منوج باجپائی کی فلم نیٹ فلکس سے ہٹادی گئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی کی نئی نیٹ فلکس فلم گھوس کھور پنڈت (رشوت خور پنڈت) کو عوامی تنقید اور ایف آئی آر اندراج کے بعد پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

فلم کے عنوان پر تنازع کھڑا ہوا جس کے بعد ڈائریکٹر نیراج پانڈے نے اعلان کیا کہ فلم کا تمام پروموشنل مواد عارضی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری بیان میں نیراج پانڈے نے وضاحت کی کہ یہ فلم ایک فرضی پولیس ڈرامہ ہے اور "پنڈت" لفظ صرف ایک کردار کے لیے عام بول چال میں استعمال کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے زور دیا کہ کہانی کسی برادری، مذہب یا ذات کو نشانہ بنانے کے بجائے ایک فرد کے اعمال اور فیصلوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عنوان سے کچھ ناظرین کو تکلیف پہنچی، اس لیے ان کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے پروموشنل مواد ہٹا دیا گیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ فلموں کو مکمل کہانی کے تناظر میں سمجھنا چاہیے، نہ کہ چند مناظر یا کلپس کی بنیاد پر فیصلہ کرنا چاہیے۔ منوج باجپائی نے بھی اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پانڈے کا بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدشات اور جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی پروجیکٹ سے کچھ لوگوں کو تکلیف پہنچے تو ضروری ہے کہ رک کر ان کی بات سنی جائے اور کردار کے ذریعے کہانی کو سمجھا جائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید