لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا ہےکہ دھی رانی پروگرام ہزاروں والدین اور بیٹیوں کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ اب بیٹی کی شادی کے لیے قرض لینے کا تصور ختم ہو چکا ہے اور ریاست نے یہ ذمہ داری خود سنبھال لی ہے۔ سرگودھا میں دھی رانی پروگرام کے سلسلے میں اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں 156 جوڑوں کی اجتماعی شادی انجام پائیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ تھے۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں مسیحی برادری کے پانچ جوڑے بھی شامل تھے جبکہ خصوصی افراد کے دو جوڑوں کو بھی اس تاریخی پروگرام کا حصہ بنایا گیا۔ خصوصی افراد کی شمولیت کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے اور شرکاء نے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔