وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں تیل کی کھپت کی مستقل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت خطے میں کشیدگی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
اس دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی کھپت اور ذخائر کی مستقل نگرانی کی وجہ سے بحران پیدا نہیں ہوا۔ بہتر حکمت عملی کی وجہ سے بھی تیل کی کمی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جو اقدامات لیے ہیں وہ جاری رہیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملک میں تیل کے موجودہ ذخائر اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بچت کے لیے کفایت شعاری کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر تیل کی درآمد کا انتظام کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر احد چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔