وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر حکومتِ پنجاب نے ملک میں ہاکی کے احیاء، نچلی سطح (گراس روٹ لیول) پر ٹیلنٹ کی نشوونما اور کوچنگ و ٹیکنیکل ڈیولپمنٹ کے لیے 15 کروڑ (150 ملین) روپے کی خطیر گرانٹ منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اسپورٹس اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت نے یہ فنڈز پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ارسال کردہ باضابطہ درخواست پر منظور کیے ہیں۔ گرانٹ کا بنیادی مقصد ملک بھر میں نئے ٹیلنٹ کی شناخت، گراس روٹ ڈیولپمنٹ پروگرامز کا انعقاد اور کوچز کو جدید ترین عالمی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ہاکی میں پاکستان کا تاریخی وقار بحال کیا جا سکے۔
پی ایچ ایف کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے اظہارِ تشکر
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے بروقت مالی امداد پر پی ایچ ایف صدر اور منیجمنٹ کے دیگر عہدیداران کی جانب سے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ گرانٹ ملک میں ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے، کھلاڑیوں کی کارکردگی کے معیار کو بڑھانے اور نوجوان ایتھلیٹس کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔