تھائی لینڈ کی شہزادی باجرکیتیابھا ماہیدول 3 سال تک کومہ میں رہنے کے بعد 47 برس کی عمر میں چل بسیں۔
عرب میڈیا کے مطابق تھائی شاہی محل نے اعلان کیا ہے کہ شہزادی کی گزشتہ شام بینکاک کے ایک اسپتال میں موت واقع ہوئی جہاں وہ 2022ء میں بے ہوش ہونے کے بعد سے زیرِ علاج تھیں۔
تھائی وزیرِ اعظم انوتن چرنویراکول نے شہزادی کو ’تھائی لینڈ کا فخر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف، مساوات اور ہمدردی پر مبنی معاشرے کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ شہزادی باجرکیتیابھا عوامی خدمت اور عدالتی اصلاحات کے منصوبوں کی وجہ سے عوام میں مقبولیت رکھتی تھیں۔
ان کی ’کملانگ جائی‘ مہم نے جیلوں میں قید خواتین کی بحالی اور رہائی کے بعد ان کی معاونت میں اہم کردار ادا کیا۔
خواتین قیدیوں کی نگہداشت اور ان کے حقوق کے حوالے سے شہزادی کی کوششوں کے نتیجے میں 2010ء میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ’بینکاک رولز‘ منظور کیے تھے۔