کراچی (اسٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش کےخلاف دوسرے ون ڈے میں سلمان آغا کا رن آؤٹ موضوع بحث بن گیا، وہ امپائر کے فیصلے پر خاصے ناراض دکھائی دیے، میڈیا کے مطابق سلمان پر جرمانے اور ڈی پوائنٹ میرٹ پوائنٹ کا امکان ہے ۔ ماہرین نے بنگلہ دیشی کپتان کی جانب سے آؤٹ کرنے کو قانونی لیکن اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا ہے۔ پاکستانی اننگز میں اسپنر مہدی حسن کی گیند پر محمد رضوان نے دفاعی اسٹروک کھیلا ، گیند بولر کے پاؤں سے ٹکرائی ، نان اسٹرائیکر اینڈ پر سلمان علی آغا کریز سے باہر آچکے تھے۔ انہوں گیند اٹھاکر مہدی حسن کو واپس دینے کی کوشش کی ، جو بولر نے وکٹوں پر مار کر اپیل کردی، تھرڈ امپائر نے سلمان کو آؤٹ قرار دیا۔