کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بڑی اہم ہے انگلینڈ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سخت گروپ کا نہیں سوچنا چاہیے، بس اپنے اوپر یقین ہونا چاہیے، ٹی 20 ایسا فارمیٹ ہے کہ اس میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔پاکستان میں ویمن ٹی 20 لیگ شروع کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے باہر جانے کا بھی موقع ملنا چاہیے، اس سے ویمن کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔پیر کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے، آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے رینکنگ پوائنٹس ملیں گے جبکہ ٹی20 سیریز سے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کی فٹنس اور فیلڈنگ ہمارے لیے فکر مندی والے شعبے ہیں، اسی وجہ سے سب سے زیادہ ان پر فوکس کیا ہے، پہلے کراچی اور پھر لاہور میں کیمپس لگائے اور ان پر کام کیا ہے، کھلاڑیوں کی کارکردگی میں جو بہتری نظر آئی ہے اس کی وجہ فٹنس کا بہتر ہونا ہے، اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط کر رہے ہیں ، کھیل کے بارے میں آگاہی کی بھی کمی ہے، اس پر بھی مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ ویمن کرکٹرز کو مین کرکٹرز کے مقابلے میں کم میچ ملتے ہیں، ایکسپوژر کی کمی ہے۔