حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر سفارت خانۂ پاکستان برسلز نے پاکستان کے قومی دن کا استقبالیہ منسوخ کر دیا ہے۔
یورپین دارالحکومت میں قومی دن کا یہ استقبالیہ 13 اپریل کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہونا تھا جس کے لیے برسلز میں موجود یورپین اداروں اور بین الاقوامی سفارتی برادری کو دعوت نامے بھی جاری کر دیے گئے تھے۔
اب سفارت خانے کی جانب سے بھیجی گئی ایک ای میل کے ذریعے تمام مدعو مہمانوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ خطے کے حالات کے باعث حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے ہونے والا استقبالیہ اب منسوخ تصور کیا جائے۔
سفارت خانے کی جانب سے منسوخی کے لیے بھیجی گئی ای میل میں بتایا گیا ہے کہ ’ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے 13 اپریل 2026ء کو تنگلا ہوٹل میں منعقد ہونے والا قومی دن کا استقبالیہ منسوخ کر دیا گیا ہے، یہ فیصلہ خطے میں حالیہ پیش رفت کے جواب میں حکومت پاکستان کی طرف سے نافذ کیے گئے پالیسی اقدامات کے بعد کیا گیا ہے، ہمیں اس منسوخی کی وجہ سے ہونے والی کسی بھی تکلیف پر دلی طور پر افسوس ہے اور ہم مستقبل میں کسی اور مناسب موقع پر آپ کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں، نیک تمنائیں، سفارت خانۂ پاکستان، برسلز۔‘