• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین لندن اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن قمر رضا کا اسحاق ڈار کو خط

---جنگ فوٹو
---جنگ فوٹو 

لندن اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے ڈپٹی وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو خط لکھ کر واضح کیا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن اور جیریز کے درمیان قونصلر و ویزا سروسز کے حوالے سے پھیلنے والی غلط فہمیاں درست نہیں۔

سید قمر رضا کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے دورۂ برطانیہ کے دوران کمیونٹی سے مشاورت کے بعد مجوزہ منصوبے پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

اس منصوبے کے تحت مذکورہ ادارہ پاکستان ہائی کمیشن اور نادرا کے تعاون سے قونصلر اور ویزا سروسز فراہم کرے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ خدشات بے بنیاد ہیں کہ ہائی کمیشن یا قونصل خانے اپنی خدمات بند کر دیں گے، البتہ ہائی کمیشن کو چاہیے کہ وہ کمیونٹی کے تحفظات دور کرے۔

دوسری جانب پاکستان ہائی کمیشن پہلے ہی وضاحت کر چکا ہے کہ مذکورہ ادارے کی شمولیت سے کمیونٹی کو مزید سہولتیں میسر آئیں گی، ہائی کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ وزارتِ خارجہ کی منظوری اور شفاف عمل کے بعد کیا گیا ہے جس سے دور دراز علاقوں میں مقیم پاکستانیوں کو طویل سفر اور اضافی اخراجات سے نجات ملے گی۔

ہائی کمیشن نے مزید بتایا ہے کہ ادارے کے سینٹرز پر صرف پاسپورٹ، ویزا اور نائیکوپ درخواستوں کی ڈیٹا انٹری، پروسیسنگ اور تصدیق کی جائے گی جبکہ حتمی فیصلے متعلقہ پاکستانی ادارے ہی کریں گے، پاور آف اٹارنی، جائیداد اور دیگر قونصلر خدمات بدستور ہائی کمیشن اور قونصل خانوں کے دائرہ اختیار میں رہیں گی۔

مزید برآں ادارے کے سینٹرز پر خدمات ویک اینڈ پر بھی دستیاب ہوں گی جبکہ ہائی کمیشن اور قونصل خانے معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید