پاکستان کی معروف نوجوان اداکارہ ہانیہ عامر اس وقت ملک کی سب سے بڑی جین زی اسٹار سمجھی جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کی دلکش اور خوش مزاج شخصیت کے باعث انہیں بے حد مقبولیت حاصل ہے۔ وہ جب بھی کوئی پوسٹ شیئر کرتی ہیں تو وہ فوراً وائرل ہو جاتی ہیں، جس کے باعث ان سے مشابہت رکھنے والی شخصیات کو بھی غیر معمولی توجہ ملتی ہے۔
بشریٰ میمن نامی ایک انفلوئنسر، جن کی شکل و شباہت ہانیہ عامر سے ملتی ہے، اس وقت خبروں میں آئیں جب ان کی منگنی کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔ انہیں اکثر اپنے ہونے والے شوہر کے ساتھ دیکھا جاتا تھا اور سوشل میڈیا صارفین ان کی محبت کو خوب سراہتے تھے۔
تاہم اب بشریٰ میمن نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے اس رشتے کا اختتام کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت کچھ کہنا چاہتی ہیں، مگر خاموش رہنا ہی بہتر سمجھتی ہیں اور اب اپنی زندگی میں آگے بڑھ رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی ہمدردی کی خواہاں نہیں بلکہ صرف ذہنی سکون چاہتی ہیں۔