اسلام آباد (ساجد چوہدری ) مینجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان نے شہریوں سے پانی کے محتاط اور ذمہ دارانہ استعمال کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی قدرت کا انمول خزانہ ہے اور اس کا ہر قطرہ قیمتی ہے ، پانی کے ضیاع کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اورآج اگرہم نے اس نعمت کی قدر نہ کی تو آنے والی نسلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،پانی کے عالمی دن کے حوالے سے ایم ڈی واسا نے کہا پاکستان کو پانی کی قلت کے چیلنجز کا سامنا ہے اور قیام پاکستان کے بعد فی کس پانی کی دستیابی کئی ہزار مکعب میٹر سے کم ہو کر تقریبا ً ایک ہزار مکعب میٹر تک کم ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کو پانچ سو ٹیوب ویل ، راول ڈیم اور خانپور ڈیم سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے ، چہان ڈیم اور ددوچھہ ڈیم کے منصوبوں پر کام جاری ہے، یہ منصوبے مکمل ہونے سے راولپنڈی کے شہریوں کی پانی کی ضرورت کسی حد تک پوری ہو جائے گی ۔