• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ،عید الفطر پر ایک ہزار سے زائد موٹرسائیکلوں کیخلاف قانونی کارروائی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالفطر پرایک ہزار سے زیادہ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ،ون ویلنگ کرنے پر درجنوں موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کردیا گیا، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عید الفطر کے موقع پر شاہراءوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے پلان ترتیب دیا تھا، عیدا لفطر کے ایام میں عوامی مقامات پر ٹریفک کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے ساتھ شاہراءوں پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی میں ملوث موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤں کیاگیا، اس سلسلے میں ایک ہزارر سے زائد موٹرسائیکل سواروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ، جو ون ویلنگ ،ہلڑبازی اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں شامل تھے اسی طرح سنگین خلاف ورزیوں پر250سے زائد موٹرسائیکلز کو مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا گیا،سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کاکہناتھا کہ اسلام آباد ٹر یفک پولیس کے 500سے زیادہ افسران شہریوں کی سہولت اور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی مربوط روانی کو برقرار رکھنے کیلئے شاہراہوں پر موجود ہیں جس کی وجہ سے اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے ۔