راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے )عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران شہریوں نے بڑی تعداد میں پارکوں کا رخ کیا ، نوجوان اور بچے جھولوں سے لطف اندوز ہوتے رہے ، راولپنڈی شہر اور کینٹ کے پارکوں میں عیدالفطر کی تعطیلات کے پہلے ، دوسرے اور تیسرے روز شہریوں کا بہت زیادہ رش رہا ، ایوب پارک اور پلے لینڈ میں رش کے باعث جہلم روڈ اور گلستان کالونی کو جانے اور جہلم روڈ کی طرف آنے والی شاہراہیں بھی بلاک ہوتی رہیں،جناح پارک، رومی پارک ، پوٹھوہار پارک، علامہ اقبال پارک اور راول روڈ پارک کے ساتھ ساتھ شہر کے اندر چھوٹے بڑے پارکوں میں شہریوں کا رش دیکھنے میں آیا ، عید کے پہلے روز بعد دوپہر ہی پارکوں میں شہریوں کا رش ہو گیا تھا جو اگلے روز اتوار اور پھر 23مارچ کو یہ رش اور بڑھ گیا ، بڑی تعداد میں فیملی کے ساتھ لوگ پارکوں کا رخ کرتے رہے ، خوشگوار موسم ہونے کی وجہ سے شہریوں نے پارکوں میں خوب انجوائے کیا ، بعض فیملیز اپنے ساتھ کھانا بھی لائی ہوئی تھیں جو پارکوں میں کھلی جگہوں پر بیٹھ کھانے سے لطف اندوز ہوتی رہیں ۔