راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) سابق صوبائی وزیر صحت و بہبودِ آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر انسان دوستی، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کی ایک روشن مثال قائم کرتے ہوئے راولپنڈی کے مختلف فلاحی اداروں کا دورہ کیا اور وہاں مقیم افراد کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے انجمن فیض الاسلام راولپنڈی کا بھی دورہ کیا جہاں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے زیرِ تعلیم بچوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔ اس موقع پر کرنل جمیل، طاہر ضیاء (جوائنٹ سیکرٹری)، اظہار فاطمہ (سینئر وائس پریزیڈنٹ)، گروپ پرویز اختر، بدر منیر اور رفاقت شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے بچوں اور سٹاف میں عیدی تقسیم کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اولڈ ایج ہوم دارالعافیت کا دورہ کیا جہاں مقیم بزرگ افراد کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے بزرگوں میں تحائف اور عیدی تقسیم کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ کئی بزرگوں کی آنکھیں نم ہو گئیں، گویا برسوں بعد کسی نے اپنائیت سے ان کا حال پوچھا ہو۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی دعائیں ہماری زندگیوں کا سرمایہ ہیں لیکن افسوس کہ آج وہی بزرگ تنہائی کا شکار ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم انہیں تنہا نہ چھوڑیں بلکہ ان کے ساتھ وقت گزار کر انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ آج بھی ہمارے لیے اہم ہیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دردِ دل رکھنے والے مخیر حضرات کی کوئی کمی نہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ صرف مالی مدد تک محدود نہ رہیں بلکہ خود ان اداروں کا دورہ کریں، ان بچوں اور بزرگوں کے سروں پر ہاتھ رکھیں، ان کے ساتھ چند لمحے گزاریں کیونکہ بعض اوقات محبت بھرا ایک لمحہ ہزاروں روپے سے زیادہ قیمتی ہوتا ہے۔