مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں ایران، عراق اور لبنان میں بیک وقت حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تبریز میں گزشتہ رات مبینہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث 6 افراد شہید جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
اسی طرح صوبہ ایسٹ آذربائیجان میں بھی حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں توانائی کے اہم انفرا اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اصفہان میں گیس کی انتظامی عمارت اور گیس پریشر ریگولیشن اسٹیشن پر حملہ کیا گیا، جبکہ جنوب مغربی ایران میں خرمشہر پاور پلانٹ کی گیس پائپ لائن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق بغداد میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ادھر حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی 5 پوزیشنز پر راکٹ اور ڈرون حملے کیے گئے، جس میں فوجی بیرکس، ریڈار سائٹس اور توپ خانے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔