• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: قرض اور ایل پی جی بحران سے تنگ ہوٹل مالک نے خودکشی کرلی

---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست کرناٹک میں مالی مشکلات اور ایل پی جی گیس کی قلت سے پریشان ایک ہوٹل مالک نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی کی شناخت راما ہلوری کے نام سے ہوئی ہے جو اپنے ہوٹل میں مردہ پایا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہوٹل مالک نے دکان کے اندر پھندا لگا کر خودکشی کی۔

متوفی کے بیٹے ادے ہلوری نے میڈیا کو بتایا کہ ہوٹل کئی دنوں سے ایل پی جی سلنڈر نہ ملنے کی وجہ سے بند تھا، ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہونے کے سبب اس کے والد شدید ذہنی دباؤ میں تھے، کاروبار جاری رکھنے کے لیے وہ لکڑی کے چولہے استعمال کرنے کا سوچ رہے تھے۔

ہوٹل مالک کے بیٹے نے بتایا ہے کہ اس کے والد قرض دار بھی تھے مگر اِسے اس بات کا یقین نہیں کہ وہ قرض دینے والوں کی جانب سے کسی دباؤ کا شکار تھے، گیس سلنڈروں کی قلت اس کے والد کے لیے بڑی پریشانی بن چکی تھی۔

پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مالی دباؤ سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ہوٹل ایک چھوٹا ریسٹورنٹ تھا جہاں ایک ایل پی جی سلنڈر تقریباً آٹھ دن تک استعمال ہوتا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید