• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کو دہشتگردی سے محفوظ بنانے کیلئے پاکستان تنہا بوجھ اٹھا رہا ہے: امریکی رکنِ کانگریس

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

امریکی رکنِ کانگریس ٹام سوازی نے امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کے چیلنج سے محفوظ بنانے کے لیے پاکستان تنہا بوجھ اٹھا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران امریکی رکنِ کانگریس نے کہا ہے کہ دہشت گردی خطے کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ حالیہ امریکا ایران تنازع میں پاکستان انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاک امریکا دو طرفہ تعلقات میں خاطر خواہ بہتری ہوئی ہے۔

ٹام سوازی نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان میں زیادہ امریکی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اور پاکستانیوں کو امریکی ویزے کے حصول میں مسائل کے حل کے لیے بھی کام کریں گے۔

دوسری جانب امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام آج بھی دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں، افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کی قیمت پاکستانی ادا کر رہے ہیں اور متعدد چیلنجز نے پاکستان کی معاشی اٹھان اور استعدادِ کار کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کی شراکت داری اہم اور نتیجہ خیز رہی ہے، فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار ملک کے لیے باعث فخر و تشکر ہے۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں باوقار اور پائیدار امن کا خواہاں ہے جس کے لیے دیگر دوست ممالک کی مشاورت سے سہولت کاری اور کوشش جاری رکھے گا تاہم مسئلے کے حل کی اصل ذمے داری متعلقہ فریقین پر ہے۔

قومی خبریں سے مزید