پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ماضی کی معروف اسٹیج اداکارہ و رقاصہ دیدار نے خراب انگریزی بولنے والی اداکاراؤں کو مفید مشورہ دے دیا۔
دیدار نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی تعلیم مکمل نہ کرنے کا بہت زیادہ افسوس ہے اور ہونا بھی چاہیے کیونکہ تعلیم بہت زیادہ ضروری ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے یہ افسوس اس وقت بہت زیادہ ہوتا ہے جب کبھی میں ایسے لوگوں کے درمیان موجود ہوں جو بہت زیادہ پڑھے لکھے ہوں، وہ سب آپس میں انگریزی میں بات کر رہے ہوں اور میں ان سے بات کرتے ہوئے گھبراہٹ محسوس کروں۔
اُنہوں نے خراب انگریزی بولنے والی اداکاراؤں کو مشورہ دیا کہ خراب انگریزی بول کر اپنا مذاق بنوانے سے بہتر ہے کہ انگریری بولی ہی نہ جائے اس کے بجائے اردو اچھی بولیں۔
دیدار نے یہ بھی کہا کہ غلط انگریزی بولنے پر مذاق اُڑانے کا رجحان بھی یہاں پاکستان میں ہی ہے، ورنہ امریکا یا یورپ میں کہیں بھی چلے جائیں وہاں تو غلط انگریزی بولنے پر کوئی کسی کا مذاق نہیں اُڑاتا۔