پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، جہاں ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق اور موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کے درمیان شدید بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق ثانیہ اشفاق، جو عماد وسیم کی پہلی بیوی تھیں، انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ جب وہ اپنے تیسرے بچے کی توقع کر رہی تھیں تو اسی دوران عماد وسیم کا نائلہ راجہ کے ساتھ تعلق قائم ہوا، بعد ازاں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی، ثانیہ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ عماد وسیم نے اب تک اپنے نومولود بیٹے سے ملاقات نہیں کی ہے۔
ثانیہ اشفاق نے مزید سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عماد وسیم نے ان کے ایک بچے کا اسقاط حمل بھی کروایا اور بعد ازاں دوبارہ حاملہ ہونے کے دوران ان سے بے وفائی کی۔
دوسری جانب نائلہ راجہ، جو اب عماد وسیم کی دوسری اہلیہ ہیں، انہوں نے ان الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ثانیہ اشفاق کے بچوں کو ان سے جدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔
نائلہ کے مطابق بچوں کا معاملہ صرف ان کے والد اور بچوں کے درمیان ہے، انہوں نے ثانیہ کو مشورہ بھی دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف بیانات دینے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دیں۔
ادھر ثانیہ اشفاق نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے نائلہ راجہ کو گھر توڑنے والی قرار دیا اور کہا کہ اگر نائلہ ان کی زندگی میں مداخلت نہ کرتیں تو وہ اپنی زندگی پر سکون طریقے سے گزار رہی ہوتیں۔
انہوں نے نائلہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو مشورہ دینے سے پہلے اپنے کردار پر نظر ڈالیں۔
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین کی بڑی تعداد اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہی ہے۔