• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس، جی 7 ممالک کا وزرائے خارجہ اجلاس اختلافات کے ساتھ ختم

پیرس(رضا چوہدری / نمائندہ جنگ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مارچ 2026 کو ہونے والا جی 7 وزرائے خارجہ کا اجلاس میں اختلافات کے ساتھ ختم ہوگیا، اجلاس میں کوئی ایک بڑا معاہدہ طے نہیں پایا، نہ ہی ابنائے ہرمز فوری کھولنے کےلئے کوئی مشترکہ فورس قائم کرنے کا فیصلہ ہوسکا۔ جنگ بندی کے بعد اس سلسلہ میں غور کیا جائے گا تاہم کئی اہم مشترکہ فیصلے اور مؤقف سامنے آئے۔ اجلاس میں عالمی سیاست کے اہم مسائل، خصوصا ایران جنگ اور یوکرینُ تنازع مرکزی موضوع رہے۔ اجلاس کے دوران ہرمز کو فوری کھولنے پر زور دیا گیا اور اسے عالمی معیشت کے لئے نہایت اہم قرار دیا گیا، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اسی راستے سے گزرتا ہے۔ایران جنگ کے حوالے سے جی 7 ممالک نے مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے شہریوں اور سویلین انفرااسٹرکچر پر حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کو بھی ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔ اس طرح واضح کیا گیا کہ جنگ کے باوجود عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کے لئے مشترکہ نیول مشن قائم کیا جائے گا، تاکہ جہازرانی کو محفوظ بنایا جا سکے۔عالمی معیشت کے حوالے سے توانائی، کھاد اور سپلائی چین پر پڑنے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ عالمی توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد مہنگائی اور عالمی معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید