• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں صدر کے خلاف مظاہرے، ٹرمپ پوری دنیا کو بحران سے دوچار کررہے ہیں، برنی سینڈرز

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

ایران جنگ کے خلاف امریکا میں بڑے پیمانے پر نو کنگ مظاہرے ہوئے، مختلف شہروں میں ٹرمپ نتظامیہ کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔

نو کنگز مظاہرے سے خطاب میں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ پوری دنیا کو بحران سے دوچار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارا پیغام ہے’نو مور کنگز‘ ہم اپنے ملک میں آمریت نہیں چاہتے، ایک شخص نے ملک کے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے رکھا ہے۔

برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ امریکی تاریخ میں پہلے کبھی کسی نے طاقت کا اتنا غلط استعمال نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عراق جنگ پر ہم سے جھوٹ بولا گیا، آج ایران کے خلاف جنگ پر ہم سے جھوٹ بولا جارہا ہے۔ ایران کے خلاف جنگ اسرائیلی وزیراعظم نے شروع کی۔

برنی سینڈرز نے کہا کہ ایک خودمختار ملک کے خلاف بلا جواز جنگ شروع کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

امریکی سینیٹر نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں افراد کو قتل کیا گیا، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا گیا، ایران میں بھی اب تک دو ہزار شہری مارے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے اسلحہ کی فراہمی روکی جائے، ٹرمپ جھوٹ بول کر ایران کے خلاف جنگ میں امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسا ضائع کررہے ہیں۔

سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کو فوری روکنا ہوگا، ٹیکس دہندگان کا پیسا تعلیم، صحت اور سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ کرنا چاہیے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا بھر کی سڑکوں پر آج 70 لاکھ افراد نے مظاہرے کیے، امریکا کے 3 ہزار شہروں میں مظاہرے ہوئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مظاہرین کا ایک ہی پیغام تھا کہ بادشاہت قبول نہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق اتوار کو بھی امریکا کی 50 ریاستوں میں 3 ہزار 200 احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید