جکارتہ(اے ایف پی) انڈونیشیا نے آبنائے ہرمز سے اپنے ٹینکرز گزارنے کیلئےایران کےساتھ مثبت مذاکرات کا دعویٰ کیا ہے۔ انڈونیشین دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ تہران نے جکارتہ کی سفارتی کوششوں کا مثبت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سفارتخانہ نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی سیکورٹی پر اپنی حکومت کے مثبت غور و خوض سے آگاہ کیا ہے۔ ترجمان واحد نبیل کےمطابق ایران نے جہازوں کے آبنائےہرمز سے بحفاظت گزارنے کےحوالے سے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ واحد نبیل احمد ملاخیلہ نے اے ایف پی سے گفتگو میں بتایاکہ ایرانی سفارت خانے نے آبنائے ہرمز میں پرتامینا گروپ کے جہازوں کے محفوظ گزرنے کے حوالے سے ایرانی حکومت کے مثبت غور و خوض سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہاپرتامینا ا نٹرنیشنل شپنگ تہران کے مثبت جواب پر عملدرآمد کیلئے کچھ تیاریاں کریگی، جس میں عملے کی تیاری اور انشورنس کی یقین دہانی شامل ہے۔ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ اور تہران میں انڈونیشیائی سفارت خانہ تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھیں گے تاکہ آبنائے ہرمز سے پرتامینا کے بحری جہازوں کے محفوظ سفر کویقینی بنایا جا سکے۔پرتامینا کی قائم مقام کارپوریٹ سیکرٹری ویگا پیٹا نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ ان کے ٹینکرز کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ویگا پیٹانے واضح کیا کہ کمپنی کی اولین ترجیح عملے کی حفاظت اور جہازوں مع سامان کی سیکورٹی ہے۔