کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان بشیر احمد ماندائی نے کہا ہے کہ مسائل کے حل ، ترقی و خوشحالی ، انصاف اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالا مال بلوچستان آج اپنے اور غیروں کی بدعنوانی اور بے حسی کے باعث شدید مسائل اور بدامنی کا شکار ہے ۔ ماضی میں مختلف جماعتوں اور حکمرانوں کو آزمانے کے باوجود عوام کو صرف پریشانی، مشکلات،بدعنوانی اور بدامنی میں اضافہ ہی ملا ، اب واحد امید جماعت اسلامی ہے جس پر اعتماد کرکے عوام حقیقی خوشحالی کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں ان خیالات کا انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مرکز جماعت اسلامی ڈیرہ مراد جمالی میں منعقدہ اجلاس میں ارکان جماعت اور امیدواران کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا اجلاس میں تنظیمی استحکام ، رکنیت سازی مہم کو مزید مؤثر بنانے ، عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد تیز کرنے اور آئندہ سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔ اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کو عوامی سطح پر مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے گا ۔