اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بیروت کے جنوبی نواحی علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق بیروت کے کچھ جنوبی علاقوں کے رہائشیوں کو انخلاء کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران جنوبی علاقوں میں حزب اللّٰہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
خبر اجنسی کے مطابق وارننگ کے بعد اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں ٹینک شکن اور ڈرون حملوں میں 6 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے، جس میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے میزائل حملے کے باعث اسرائیلی پارلیمنٹ کا اجلاس مؤخر کرنا پڑ گیا۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران ایرانی حملے کے سائرن بجے تھے۔
سائرن کی آواز پر اسرائیلی پارلیمنٹ کے ارکان اجلاس چھوڑ کر شیلٹر منتقل ہو گئے۔
علاوہ ازیں امریکی نیوز چینل کی ٹیم پر حملے کے بعد اسرائیلی آرمی چیف نے ایکشن لیتے ہوئے مغربی کنارے کی پوری فوجی بٹالین معطل کر دی۔
امریکی چینل کی ٹیم اسرائیلی قابضین کی جانب سے فلسطینیوں کی بستی پر زبردستی قبضے کے بعد کوریج میں مصروف تھی۔