وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت پاکستان میں موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کمزور اور متوسط طبقے کے لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کیا، موجودہ حالات میں قربانی کا سلسلہ حکومتی اخراجات میں کٹوتی سے شروع کیا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کر کے بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقم عوامی ریلیف کے لیے بروئے کار لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے، بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت اللّٰہ کے فضل سے ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا، پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے سفارتی محاذ پر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیرِاعظم کے ایندھن بچت اقدامات پر عملدرآمد اور سادگی مہم کی پیشرفت پر انٹیلی جنس بیورو نے آڈٹ رپورٹ پیش کر دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی بچت و سادگی مہم پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود اور آئندہ کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ بڑی گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، وزیرِ اعظم کی بچت مہم کے اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔