قطر کی کمپنی "قطر انرجی" نے قطری سمندر میں اپنے آئل ٹینکر پر میزائل حملے کی تصدیق کردی۔
آج صبح قطر کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر میزائل حملہ کیا گیا، تاہم تمام عملہ محفوظ رہا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
قطری وزارتِ دفاع کے مطابق بدھ کی علی الصبح قطر انرجی کے چارٹر پر موجود فیول آئل ٹینکر ایکوا ون کو نشانہ بنایا گیا، جو قطر انرجی کا چارٹرڈ جہاز ہے۔ حملے میں جہاز کے ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
وزارت نے بتایا کہ ملک کی جانب تین کروز میزائل فائر کیے گئے، جن میں سے دو کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک میزائل جہاز سے جا ٹکرایا۔
حکام کے مطابق حملہ شمالی قطری سمندری حدود میں پیش آیا۔ جہاز پر موجود تمام 21 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
برطانیہ کے میری ٹائم ادارے کے مطابق یہ واقعہ دوحہ سے تقریباً 17 ناٹیکل میل شمال میں، راس لفان کے قریب پیش آیا۔ بعد ازاں ادارے نے بتایا کہ جہاز پر دو پروجیکٹائل لگے، جن میں سے ایک سے آگ بھڑک اٹھی جو بعد میں بجھا دی گئی، جبکہ دوسرا اب بھی جہاز پر موجود ہے اور اس کا معائنہ جاری ہے۔