• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ہمیں دھوکا دیا گیا‘، بھارتی وزیرِ کھیل کا میسی اور ارجنٹینا فٹبال ٹیم پر سنگین الزام

لیونل میسی—فائل فوٹو
لیونل میسی—فائل فوٹو 

بھارتی ریاست کیرالا کے وزیرِ کھیل وی عبدالرحمٰن نے الزام عائد کیا ہے کہ ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم اور اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے وعدے کے باوجود کیرالہ آ کر میچ نہ کھیل کر ریاست کو دھوکا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرِ کھیل نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ارجنٹینا ٹیم کو کیرالہ لانے کے لیے طویل مذاکرات کیے گئے تھے اور اسپانسرز سے تقریباً 250 کروڑ روپے کا انتظام کرنا آسان نہیں تھا، رقم وصول کرنے کے باوجود ٹیم طے شدہ دورے پر نہیں آئی جو انتہائی مایوس کُن عمل ہے۔

وی عبدالرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ارجنٹینا ٹیم نے اسی طرح 5 دیگر ممالک کے ساتھ بھی معاہدے کیے مگر وہاں بھی میچ کھیلنے نہیں گئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں قانونی کارروائی اور معاوضے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔

کیرالہ کے وزیرِ کھیل نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ٹیم کی آمد کا منتظر تھا اور اس واقعے سے کیرالہ کے فٹبال شائقین شدید مایوس ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اعلان کیا گیا تھا کہ ارجنٹینا فٹبال ٹیم اور لیونل میسی مارچ میں کیرالہ کا دورہ کریں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید