امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے اہداف پل اور پھر پاور پلانٹس ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ شب ایران کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا ہے کہ امریکی فوج جو دنیا کی عظیم اور طاقتور فوج ہے، اس نے ابھی تک ایران میں جو کچھ بچا ہے اسے تباہ کرنا شروع نہیں کیا، اگلا ہدف پل ہوں گے، اس کے بعد پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت جانتی ہے کہ کیا کرنا ہے اور یہ فوری طور پر کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے اپنے حالیہ خطاب میں کہا تھا کہ اگر ایران نے امریکا کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو جنگ میں مزید شدت آ سکتی ہے اور توانائی و تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خطے کے متعدد اہم پل ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح بی ون پل پر 2 حملے کیے گئے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایران کے کرج پل کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
دریں اثناء مختلف رپورٹس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن اور کویت کے پلوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں درجنوں بین الاقوامی قانون کے ماہرین نے جمعرات کو جاری ایک کھلے خط میں خبردار کیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔