بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسی پہنے ایک غیر ملکی ڈیجیٹل کری ایٹر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسی میں ملبوس غیر ملکی ڈیجیٹل کری ایٹر کیرالہ کے ایک شاپنگ میں مال میں کچھ مقامی لوگوں سے یہ سوال پوچھتے ہوئے نظر آ رہا ہے کہ کیا بھارت میں یہ جرسی پہننے والے کو کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے؟
ایک مقامی شخص نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس جرسی کو پہننے سے یہاں ہر کسی کو نہیں لیکن کچھ لوگوں کو مسائل ہو سکتے ہیں۔
مقامی شخص نے مزید کہا کہ کچھ لوگ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ پاکستان سے آئے ہیں، کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو پاکستانی کرکٹرز کو بھارت میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھنا ہی نہیں چاہتے، کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جنہیں پاکستان کے گانے بھی پسند نہیں ہیں۔
مقامی شخص نے یہ بھی بتایا ہے کہ عام طور پر کیرالہ میں یا بھارت میں کوئی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جرسی نہیں پہنتا۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر پاکستانی صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ اگر پاکستان میں کوئی بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسی پہن لے تو کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہو گی۔
ایک اور صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ بھارتی لوگوں کو پاکستانی گانے پسند نہیں ہیں لیکن پھر بھی وہ ہر پاکستانی گانے کو بالی ووڈ فلموں میں کاپی کرتے ہیں۔