ایران پر مسلط امریکی و اسرائیلی جنگ کے بعد پہلی بار آبنائے ہرمز سے فرانسیسی کمپنی سے منسلک بحری جہاز کا انخلاء ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق فرانس سے منسلک ایک کنٹینر بردار بحری جہاز نے آبنائے ہرمز کو عبور کر لیا ہے، جو جنگ کے باعث متاثر ہونے والی بحری آمد و رفت کے بعد کسی مغربی یورپی کمپنی سے وابستہ جہاز کی پہلی نقل و حرکت سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ایم اے سی جی ایم کربی (CMA CGM Kribi) نامی جہاز ایرانی ساحل کے ساتھ سفر کرتا ہوا عمان کے قریب سمندر میں داخل ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معلومات جہازوں کی نگرانی کرنے والے ڈیٹا اور اس معاملے سے واقف ذرائع نے فراہم کی ہیں۔
ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد آبنائے ہرمز پر اپنی نگرانی سخت کر دی ہے، جہاں منتخب جہازوں کو محدود گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جبکہ اپنے دشمن سے وابستہ بحری جہازوں کو خبردار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کا شمار دنیا کی اہم ترین گزرگاہوں میں ہوتا ہے، جہاں سے عام حالات میں عالمی تیل اور گیس کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے، تاہم حالیہ تنازع کے بعد یہاں بحری ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس سے عالمی توانائی کی منڈیوں پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔