دنیا کے مختلف ممالک کو درپیش جیٹ ایندھن کی قلت کے باعث پروازیں منسوخ کرنے اور طیارے گراؤنڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کی وجہ سے ایک اور بڑی ایئر لائن نے اپنی سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر کے برطانوی مسافروں بالخصوص سیاحوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
اب ایئر لنگس نے جیٹ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور قلت کی وجہ سے اپنے شیڈول سے 500 سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مختلف ایئر لائنز کی طرف سے پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے شعبہ ہوا بازی بری طرح متاثر ہو رہا ہے جبکہ مسافروں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سیاٹل، سان فرانسسکو، مینیپولس، سینٹ پال اور ٹورنٹو سمیت مختلف مقامات کے لیے جانے والی پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں جبکہ لندن، ہیتھرو، مانچسٹر، نیو کیسل، برمنگھم اور ایڈنبرا کی پروازیں بھی منسوخ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل، گیس اور دیگر ضروری سپلائی میں خلل پڑنے کے باعث پیدا ہونے والے بحران کو توانائی کا سب سے بڑا بحران قرار دے دیا ہے۔