پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے سینئر رہنما سردار ظہور اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی، استحکام اور دفاعی خود مختاری کی راہ پر اہم سنگِ میل عبور کیے۔
نواز شریف کی طویل عمر اور صحت کے لیے منعقدہ خصوصی دعائیہ تقریب میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے دورِ حکومت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا، اس فیصلے نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی دباؤ اور نازک حالات میں کیا گیا، جو ان کی جرأت مندانہ قیادت کا مظہر ہے۔
مقریرین نے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے اسلام آباد موٹر وے میاں نواز شریف کا ایک شاندار کارنامہ ہے، جس نے ناصرف سفری سہولت کو بہتر بنایا بلکہ ملکی معیشت اور تجارت کو بھی فروغ دیا، بعد ازاں موٹر وے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے کر مختلف شہروں کو آپس میں ملایا گیا، جو آج پاکستان کی ترقی کی علامت بن چکا ہے۔
مقررین نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بجلی کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے، جن میں تھر کول، ایل این جی اور دیگر ذرائع سے بجلی کی پیداوار شامل ہے، انفرااسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی نمایاں اقدامات کیے گئے، جن کے مثبت اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مریم نواز موجودہ دور میں نواز شریف کی سیاسی سوچ اور عوامی خدمت کے وژن کو آگے بڑھا رہی ہیں اور صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوامی فلاح کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
آخر میں ملک و قوم کی ترقی، استحکام اور میاں نواز شریف کی درازیٔ عمر کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جب کہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے یہ سفر جاری رکھا جائے گا۔